حدیقہ کیانی نے پہلی شادی میں ناکامی کی وجہ بتادی

باصلاحیت گلوکارہ و ابھرتی و اداکارہ حدیقہ کیانی کی ذاتی زندگی ہمیشہ سے ایک معمہ بنی رہی ہے، حال ہی میں اداکارہ نے ایک مارننگ شو میں اپنی پہلی شادی اور پھر اس میں ناکامی کی وجہ بتائی۔انہوں نے بتایا کہ ’میری پہلی شادی مکمل طور پر ایک ’ارینج میرج‘ تھی، سابقہ شوہر 90 کی دہائی میں میری ویڈیو بنا رہے تھے اور وہیں وہ مجھ سے محبت میں گرفتار ہوئے، بعد ازاں ہم دونوں کے ایک مشترکہ دوست نے یہ رشتہ جوڑنے میں اہم کردار ادا کیا۔‘اداکارہ نے کہا کہ ’میری شادی کی ناکامی کی سب سے بڑی وجہ میری ساس تھیں، انہیں میری موسیقی سے مسئلہ تھا۔‘اُن کا کہنا تھا کہ اس کے باوجود بھی ہم تقریباً ساڑھے پانچ سال تک ایک ساتھ رہے، آخر کار روز روز کی باتوں سے تنگ آکر علیحدگی کا فیصلہ کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ ’میں نے اپنی زندگی میں سب سے بڑی غلطی یہ کی کہ جب میری اس شخص سے منگنی ہوئی تھی تو میں زیادہ خوش اور مطمئن نہیں تھی، جب اسے اس بات کی خبر ہوئی تو اس نے اس عرصے کے دوران خودکشی کی کوشش کی۔‘اداکارہ نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ’اس شخص کی اسی والہانہ محبت دیکھ کر میرا ذہن بدل گیا، مجھے یقین ہوگیا کہ جو شخص مجھے کھونے کے خوف سے خود کو مارنے کی کوشش کر رہا ہے وہ یقیناً ساری زندگی میرا خیال رکھے گا لیکن حقیقت میں ایسا نہیں ہوا۔‘انہوں نےبتایا کہ ہماری شادی کے پہلے دن سے لے کر جب تک ہماری علیحدگی نہیں ہوئی تھی، میں اس شخص کو خوش کرنے کے جتن میں ہی لگی رہتی تھی۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ وقت میری زندگی کا بہت مشکل وقت تھا، ہماری علیحدگی کے بعد بھی میں اس کی واپسی کا انتظار کر رہی تھی تاکہ میں اسے معاف کر سکوں لیکن بدقسمتی سے معاملات طے نہیں ہو سکے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.