رنیبر سے میری شادی ہوچکی ہے: عالیہ بھٹ

بالی ووڈ اداکارہ عالیہ بھٹ نے حال ہی میں اعتراف کیا ہے کہ اُن کی شادی اُن کے بوائے فرینڈ رنبیر کپور سے ہوچکی ہے۔رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ بالی ووڈ کی اب تک کے سب سے پیارے جوڑوں میں سے ایک ہیں، دونوں نے آیان مکھرجی کی فلم ’براہمسترا‘ کی شوٹنگ شروع کرنے کے بعد ڈیٹنگ شروع کی۔ اگرچہ وہ ابتدائی طور پر اپنے رشتے کے بارے میں خاموش رہے لیکن بعد میں اُنہوں نے عوامی سطح پر اپنے رشتے کا اعلان کیا۔ جہاں مداح عالیہ اور رنبیر کے شادی کے بندھن میں بندھنے کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں تو وہیں اداکارہ نے حال ہی میں اعتراف کیا کہ وہ رنبیر کپور سے پہلے ہی شادی کر چکی ہیں۔بھارتی میڈیا کے ساتھ ایک حالیہ انٹرویو میں عالیہ بھٹ سے سوال کیا گیا کہ ’رنبیر کپور نے کہا تھا کہ عالمی وبا کی وجہ سے ہماری شادی تاخیر کا شکار ہوگئی ہے، کیا یہ بات درست ہے؟‘اس سوال کا جواب دیتے ہوئے عالیہ بھٹ نے کہا کہ ’جی ہاں! ایسا ہی ہے لیکن میں نے برسوں پہلے ہی اپنی خیالی دُنیا میں رنبیر سے شادی کرلی ہے۔‘عالیہ بھٹ نے مزید کہا کہ ’سب کچھ ایک وجہ کے لیے ہوتا ہے اور جب ہم شادی کریں گے تو سب کو معلوم ہوجائے گا اور وہ ایک خوبصورت شادی ہوگی۔‘واضح رہے کہ عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور نے ڈیٹنگ کی افواہوں کو اس وقت آفیشل بنایا جب وہ 2018ء میں سونم کپور کی شادی کے استقبالیہ میں بطورِ جوڑی شریک ہوئے۔ تب سے، انہیں تقریبات اور پارٹیوں میں ایک ساتھ دیکھا گیا ہے۔ دوسری جانب گزشتہ برس یہ خبر سامنے آئی تھی کہ عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور رواں سال اپریل میں شادی کریں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.